ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / جھارکھنڈ میں گھر کے باہر گائے کی لاش پائے جانے پر ہجوم کا بزرگ پر حملہ؛ گھر میں لگا دی آگ؛ ،پولیس پر بھی پتھراؤ؛ 50 پولس اہلکار زخمی

جھارکھنڈ میں گھر کے باہر گائے کی لاش پائے جانے پر ہجوم کا بزرگ پر حملہ؛ گھر میں لگا دی آگ؛ ،پولیس پر بھی پتھراؤ؛ 50 پولس اہلکار زخمی

Wed, 28 Jun 2017 19:43:36    S.O. News Service

رانچی،28جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی سے تقریبا 200کلومیٹر دور ایک گاؤں میں دوسو سے زائد لوگوں کی ایک  بھیڑ نے ایک بزرگ کو بری طرح پیٹا، کیونکہ اس کے گھر کے باہر مبینہ طور پر ایک مردہ گائے پڑی ملی تھی، یہی نہیں، ہجوم نے عثمان انصاری کے گھر کو آگ بھی لگا دی۔عثمان انصاری اس وقت دھنباد کے ایک ہسپتال میں داخل ہیں اور ان کی جان اس لئے بچ پائی، کیونکہ پولیس جلد ہی جائے وقوع  پر پہنچ گئی اور انہوں نے بھیڑ کو منتشر کرنے کے لئے ہوا میں گولیاں چلائیں۔

سینئر پولیس افسر آر کے ملک نے بتایا کہ ہمارے لوگوں نے بھیڑ کا سامنا کیا اور فوری طور پر عثمان انصاری اور ان کے خاندان کو بچالیا۔جب پولیس نے انہیں ہسپتال لے جانے کی کوشش کی تو بھیڑ نے اس کی مخالفت کی، اورہم پربھی  بھاری پتھراؤ کیا گیا، جس کو دیکھتے ہوئے ہمیں ہوا میں گولیاں چلانی پڑیں۔

پولیس کی فائرنگ میں بھی دو لوگ زخمی ہوئے ہیں اور دونوں کے پاؤں کا علاج ہسپتال میں چل رہا ہے،پتھراؤ کے دوران 50پولیس اہلکار بھی زخمی بتائے گئے ہیں۔گاؤں میں سیکورٹی کے بھاری انتظامات کئے گئے ہیں اور قانون اور نظام کو برقرار رکھنے کے لئے سینئر پولیس افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔عثمان انصاری پر حملے کے لئے فی الحال کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے، لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ  پوچھ گچھ جاری ہے۔

گورکشا کے نام پربڑھ رہے پرتشدد واقعات کو لے کر مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے حال ہی میں کہا تھا کہ حکومت اس مسئلے کو لے کر مکمل طور پر واضح کرچکی ہے کہ اگر کوئی تشدد کرتا ہے، تو قانون اپنا کام ضرور کرے گا۔روی شنکر پرساد اس وقت جنید نامی ایک نوجوان کو چلتی ٹرین میں بھیڑ کی طرف سے قتل کر دئے جانے کے معاملے پر بات کر رہے تھے۔
 


Share: